آرمی کیمپ پر خود کش حملہ قابل مذمت :مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

دھلی این سی آر

آرمی کیمپ پر خود کش حملہ قابل مذمت :مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

نئی دہلی، مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں جمعرات کو ایک فوجی کیمپ پر ہو ئے فدائین حملے کی مذمت کی ہے اور اسے غیر انسانی وبزدلانہ عمل اور ملک کی سیکورٹی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وانتہاء پسند عناصر وقتا فوقتا ملک کے امن و امان کو بگاڑنے کی مذموم حرکتیں کرتے رہتے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسا لائحہ عمل تیار کرے کہ دہشت گرد عناصر آئندہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔اسی طرح وطن عزیز کے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ہر طرح سے چوکنا رہیں اور تعاون کریں ۔ خود اچھے شہری بنیں اور اپنے درمیان کسی طرح کی دہشت گردی و تشدد کو پنپنے کا موقع نہ دیں۔ کچھ نادان نوجوان مختلف عوارض و عوامل کی بنیاد پر فکری انحراف کا شکار ہوجاتے ہیں اور تخریبی کاموں میں ملوث ہوجاتے ہیں ان کے ذہن کی صفائی اور امن وشانتی کی طرف ان کی رہنمائی سوسائٹی کے ہرفرد کا فرض ہے ۔ لہذا ا س سلسلہ میں حسب استطاعت ہر شہری کو کوشش کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عصر حاضر کا سب سے بڑا ناسور ہے اور کسی بھی مذہب میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ناظم عمومی نے اپنے بیان میں سکما چھتیس گڑھ میں ایک حملہ میں پچیس فوجیوں کی ہلاکت پر بھی رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر رنج وافسوس ظاہر کرتے ہوئے ان کے ورثاء کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔

Similar Posts

Share it
Top