ہندوستان نے کلبھوشن جادھو کی میڈیکل رپورٹ مانگی

بھارت

ہندوستان نے کلبھوشن جادھو کی میڈیکل رپورٹ مانگی

نئی دہلی(ایجنسیاں)مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں پاکستان میں پھانسی کی سزا پانے والے ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کو لے کر ایک سینئر افسر نے کہا کہ وہ کس حال میں ہیں، یہ جاننا ضروری ہے، اسی لیے پاکستان سے جادھو کی میڈیکل رپورٹ طلب کی گئی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے کہاکہ ہم نے نہ تو ان (جادھو)کو دیکھا ہے اور نہ ہی سناہے ، جبکہ وہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے پاکستان کی حراست میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ جادھو کی صحت شدید تشویش کا موضوع ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بمباولے نے بدھ کو ایک بار پھر حکومت پاکستان سے جادھو کی صحت سے متعلق رپورٹ مانگی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔قابل ذکرہے کہ ہندوستانی بحریہ کے سابق افسر کلبھوشن جادھو کو مبینہ طور پر مارچ 2016میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا،پاکستان نے ان پر جاسوسی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ایک فوجی عدالت نے 10؍اپریل کو انہیں موت کی سزا سنائی تھی۔ہندوستان ، پاکستان سے بدھ سے لے کر اب تک 16بار جادھو تک سفارتی پہنچ بنانے کا موقع دینے کا مطالبہ کر چکا ہے، لیکن پاکستان نے ہر بار مطالبہ کو مسترد کردیا ہے۔باگلے نے جمعرات کو کہا کہ جادھو کی ماں نے پاکستان کے ویزے کے لیے درخواست دی ہے، حکومت ہند نے پاکستانی حکومت سے کہا ہے کہ اس درخواست کو قبول کر لیا جائے، مگر پاکستان کی جانب سے کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔انہوں نے کہاکہ دستاویزات، تفصیلات ، چارج شیٹ، ثبوت کے طور پر ہمیں حکومت پاکستان سے سرکاری طور پر کچھ نہیں ملا ہے، ہمیں تو یہ بھی نہیں پتہ کہ ان کا دفاع کس نے کیا۔

Similar Posts

Share it
Top