کشمیر سے متعلق بعض قومی ٹی وی چینلوں کا رول منافقانہ اور نفرت انگریز ہے: فاروق عبداللہ

بھارت

کشمیر سے متعلق بعض قومی ٹی وی چینلوں کا رول منافقانہ اور نفرت انگریز ہے: فاروق عبداللہ

سری نگر، نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الزام لگایا کہ کشمیر سے متعلق بعض قومی ٹی وی نیوز چینلوں کا رول منافقانہ اور نفرت انگریز ہے۔
گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ہفتہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں پارٹی سے وابستہ ممبرانِ قانون سازیہ، ضلع صدور، بلاک صدور ، یوتھ اور خواتین ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے بعض قومی ٹی وی چینلوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ' چھتیس گڑھ میں نکسلیوں کے حملے میں 26سی آر پی ایف اہلکار مارے گئے، یہ خبر کسی بھی چینل پر موضوعِ بحث نہیں بنی اور نہ ہی اس واقعہ پر شوروغل مچایا گیا ، کشمیرکے کپوارہ میں 3فوجی مارے گئے اس پر خوب بحث و مباحثے کئے جارہے ہیں، اس خبر کو ایسے پیش کیا جارہا ہے جیسے یہاں جنگ کا سماں ہے'۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی خبروں کو ایسی رنگت دی جاتی ہے کہ کشمیریوں اور مسلمانوں کے خلاف نفرت بڑھائی جائے۔ کشمیر سے متعلق خبروں کو ایسے پیش کیا جاتا ہے جس سے سیاح یہاں آنے سے کتراتے ہیں۔
فاروق عبداللہ نے مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں دیرپا امن کے لئے بات چیت کو واحد راستہ قرار دیتے ہوئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بم اور گولیوں سے بات بننے والی نہیں، آخر پر بات چیت کے ذریعے ہی مسائل حل ہوتے ہیں۔



Similar Posts

Share it
Top