راجناتھ سے ووهرا کی ملاقات، کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال

بھارت

راجناتھ سے  ووهرا کی ملاقات، کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال

نئی دہلی، جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرا نے آج یہاں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست میں بگڑتی امن و قانون کے علاوہ موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی فوج کے گھات لگا کرکئے گئے حملے میں دو فوجیوں کے شہید ہونے اور وادی میں گزشتہ چند دنوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں اور سیکورٹی فورسز پر پتھراؤ کے واقعات کے پیش نظر اس ملاقات کو کافی اہم مانا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ اور مسٹر ووہرا نے جموں و کشمیر میں امن و قانون برقرار رکھنے سے متعلق مسائل اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں نے کنٹرول لائن پر پاکستان کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے واقعات پر بھی بات چیت کی۔
مسٹر ووہرا نے کل مرکزی داخلہ سکریٹری راجیو مہرشی سے بھی ملاقات کی تھی۔ ان کا آج ہی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملنے کا پروگرام ہے۔
پاکستانی فوج کی ایک ٹیم نے کل پونچھ ضلع کے کرشنا وادی سیکٹر کے گھنے جنگل والے علاقے میں ہندوستانی سرحد میں گھس کر گشت لگانے والے فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میں دو جوان شہید ہوگئے۔ یہ حملہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے فائرنگ کے دوران کیا گیا۔
فوج کے سربراہ جنرل وپن راوت صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کل ہی سرینگر پہنچے تھے۔ فوج کی شمالی کمان کے سربراہ نے انہیں صورت حال سے آگاہ کرایا۔ انہوں نے اعلی حکام کے ساتھ کچھ یونٹوں کا دورہ بھی کیا اور حالات اور فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

Similar Posts

Share it
Top