اسمبلی کے دو روزہ پروگرام میں مہاجن اور رمن لال نئے ممبران اسمبلی کوٹپس دیں گے

بھارت

لکھنؤ،لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اور گجرات اسمبلی کے صدر رمن لال بورا اترپردیش اسمبلی کے نئے اراکین کو ایوان کی کارروائی میں فعال شرکت کی سمجھ پیدا کرنے کے لئے کل سے منعقد دو روزہ 'پروگرام' میں ٹپس دیں گے۔
ریاستی اسمبلی اسپیکر ہردےنارائن دکشت نے 'یواین آئی' کو بتایا کہ پروگرام کے پہلے دن صبح دس بجے افتتاحی اجلاس شروع ہوگا جس میں گورنر رام نائک اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ موجود رہیں گے۔ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے نئے ممبران اسمبلی کو پارلیمانی نظام کی معلومات دینے کے ساتھ ہی ایوان کی کارروائی میں فعال شرکت کے ٹپس دئے جائیں گے۔
پروگرام میں گجرات اسمبلی کے صدر رمن لال بورا نئے ممبران اسمبلی کو جمہوری عمل میں ایوان کی حیثیت کے سلسلے میں معلومات دیں گے،جبکہ مسٹر دکشت ایوان کی کارروائی میں قوانین اور روایات کے بارے میں بتائیں گے۔
مسٹر دکشت نے بتایا کہ پروگرام کے دوسرے اور آخری دن لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اختتامی خطاب کریں گی۔ ان کے ساتھ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود رہیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ 'تربیتی پروگرام' میں نئے ممبران اسمبلی کو ایوان میں سوال پوچھنے کے طریقے سکھانے کے ساتھ ساتھ قوانین کے عین مطابق تفصیلات دی جائے گی۔
مسٹر دکشت نے بتایا کہ ایوان میں روایات کے ساتھ ساتھ ضمنی سوالات پوچھنے کے طریقے بتائے جائیں گے۔ پروگرام میں اسمبلی کے سابق صدر سکھدیو راجبھر، پارلیمانی روایات کے ماہر سابق وزیر اوم پرکاش سنگھ سمیت کچھ سینئر لیڈروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کی تیاریاں تقریباً مکمل کر لی گئی ہیں۔

Similar Posts

Share it
Top